ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل تنظیم نے عوام کو جاری کی ہدایت :  کسی اجنبی فون کال پر اپنی شناختی معلومات ہرگز فراہم نہ کریں 

بھٹکل تنظیم نے عوام کو جاری کی ہدایت :  کسی اجنبی فون کال پر اپنی شناختی معلومات ہرگز فراہم نہ کریں 

Thu, 01 Aug 2024 12:02:10    S.O. News Service

بھٹکل،  یکم اگست(ایس او نیوز) بھٹکل کے مرکزی ادارے مجلس اصلاح و تنظیم نے عوام کے نام ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی اجنبی فرد کے فون کال پر اپنی شناختی معلومات فراہم نہ کریں اور آن لائن فراڈ کا شکار ہونے سے محفوظ رہیں ۔ 
    
تنظیم کے دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی پینل کے کنوینر ایڈوکیٹ عمران لنکا نے عوام سے اپیل کی کہ فون کال کرکے لوگوں کے آدھار کارڈ اور اے ٹی ایم کارڈ کی تفصیلات حاصل کرنے اور بینک کھاتوں سے رقم اڑانے والی گینگ آج کل بہت زیادہ سرگرم ہے جو عام لوگوں کو اپنا شکار بنا رہی ہے ۔ اس لئے اس قسم کے فون کال ہرگز ریسیو نہ کریں اور کسی قسم کی تفصیل ان کو نہ بتائیں ۔
    
اکثر دیکھا گیا ہے کہ لوگوں کو آدھار کارڈ، ٹیکس ڈپارٹمنٹ یا بینک کے افسران کے نام پر کال موصول ہوتی ہے  اور فون ریسیو کرنے والے کو بے وقوف بنا کر آدھار کارڈ، پان کارڈ، اے ٹی ایم کارڈ وغیرہ کے نمبر اور دیگر تفصیلات پوچھی جاتی ہیں ۔ اسی کے ساتھ او ٹی پی بھیج کر بینک کھاتے کی تمام تفصیل حاصل کرکے کھاتے سے رقم اڑائی جاتی ہے ۔ اب بھٹکل میں بھی اس قسم کی کوششیں ہونے اور بعض معاملات میں رقم اڑائے جانے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ ویڈیو کال کے ذریعے بھی دھوکہ دہی کی کوشش کے کئی معاملے پیش آئے ہیں ۔ اپنی رقم گنوانے والے کئی لوگوں نے اس ضمن میں تنظیم کے پاس شکایت کی ہے ۔ 
    
ایڈوکیٹ عمران لنکا نے کہا کہ اس سلسلے میں عوام کو بیدار اور چوکنا رہنے کی ضرورت ہے ۔ اگر بالفرض اس طرح کا کوئی معاملہ پیش آتا ہے تو فوراً سائبر کرائم ڈپارٹمنٹ کے 1930 نمبر پر کال کرکے اپنی شکایت درج کروائیں ۔ 
    
اس موقع پر تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری ، جنرل سیکریٹری عبدالرقیب ایم جے نے اس معاملے میں اپنی رائے اور مشورے دئے ۔ جناب عزیزالرحمٰن ندوی بھی موجود تھے ۔ 


Share: